فلسطین کےمقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ کے شمال مشرق میں قائم "عوفر” یہودی کالونی کے قریب قابض اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ قابض فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی شہری کو گولیاں اس وقت ماری گئیں جب اس نے ایک اسرائیلی فوجی پر چاقو سے قاتلانہ حملہ کیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیاہے کہ جمعرات کی شام "عوفر” کالونی کے قریب قابض فوج نے 23 سالہ معن ناصرالدین ابو قرع کو گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ جام شہادت نوش کرگیا۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 7 کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک فلسطینی اس وقت مارا گیا جب اس نے ایک فوجی پر چاقو سے قاتلانہ حملہ کیا۔
اسرائیلی فوج نے فلسطینی طبی عملے اور ہلال احمر فلسطین کو جائے وقوعہ پر جانے سے روک دیا۔
ادھر اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 2 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ فلسطینی نوجوان کو شہید کرنے والے فوجیوں کا تعلق مذہبی فرقے ’حریدیم‘ سے ہے اور وہ فوج میں ’’نتزاح یہودا‘‘ یونٹ میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ یکم اکتوبر 2015ء سے فلسطین میں جاری تحریک انتفاضہ کے دوران اب تک 261 فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔ فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں کے نتیجے میں 42 صہیونی جنہم واصل اور 680 زخمی ہوچکے ہیں۔