مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی وزیر دفاع کو عرب رکن کنیسٹ ایمن عودہ کی رام اللہ میں فلسطینی رہ نما یاسر عرفات مرحوم کی برسی کی تقریب میں شرکت پر گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ ایمن عودہ کی رام اللہ میں یاسر عرفات کی برسی کی تقریب میں شرکت اور وہاں پر کی جانے والی تقریر پر انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
عبرانی اخبار ’’یدیعوت احرونوت‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ لائبرمین نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’’فیس بک‘‘ کےاپنے خصوصی صفحے پر ایک بیان پوسٹ کیا ہے جس میں کہا ہے کہ عرب رکن کنیسٹ ایمن عودہ سابق اسرائیلی صدر شمعون پیریز کے جنازے میں شریک نہیں ہوئے مگر فلسطینی لیڈر یاسر عرفات کی برسی کی تقریب میں شرکت کے لیے رام اللہ پہنچ گئے۔ ہم ایمن عودہ کی پارلیمنٹ کی رکنیت ختم کرانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہیں اسرائیلی پارلیمنٹ کی رکنیت نہیں بلکہ رام اللہ میں فلسطینی نیشنل کونسل کا رکن بن جانا چاہیے۔
ادھر ایمن عودہ نے اپنے بیان میں صہیونی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین کا بیان مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی فلسطینی رہ نما کی برسی کی تقریب میں شرکت کرنا کوئی جرم نہیں ہے۔ جہاں تک لائبرمین کے غصے کا تعلق ہے تو وہ ویسے ہی عرب ارکان کنیسٹ کو ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں کررہے ہیں۔ انہیں عرب ارکان کے خلاف مہم جوئی کے لیے کوئی بہانہ چاہیے۔