اسرائیل کی جیل میں قید کئی جان لیوا امراض میں مبتلا فلسطینی اسیر بسام السائح کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کلب برائے اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ کینسر اور دل کے عارضے سمیت کئی دوسری خطرناک بیماریوں کے شکار فلسطینی قیدی کی حالت تشویشناک ہے۔ اسیر بسام السائح کی حال ہی میں اسرائیلی جیل کی اسپتال میں دل کی سرجری کی گئی تھی جس کے بعد اس کی حالت معمولی بہتر ہونے کی خبریں آئی تھیں۔
انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ بسام السائح کی طبی حالت پہلے سے بھی بد تر ہو چکی ہے۔ صہیونی جیل انتظامیہ کی طرف سے قیدی کو مناسب خوراک اور دیگر دیکھ بحال کی سہولت مہیا نہیں کی گئی ہے جس کے نتیجے میں اس کی حالت تشویشناک حد تک خراب ہو چکی ہے۔
خیال رہے کہ اسیر بسام السائح کو سنہ 2013ء میں ہڈیوں کے کینسر کی تشیخ کے بعد اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ اسے سنہ 2015ء میں اسرائیلی فوج نے حراست میں لیا تھا۔ وہ عارضہ قلب اور گردوں کی بیماری کا بھی شکار ہیں اور خود سے چلنے پھرنے کی طاقت نہیں رکھتے۔43 سالہ بسام السائح کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس سے ہے۔