جمعه 15/نوامبر/2024

اذان سے پریشان ہونے والے فلسطین سے نکل جائیں: وزارت اوقاف

جمعہ 25-نومبر-2016

فلسطینی وزارت اوقاف و مذہبی امور نے صہیونی ریاست کی طرف سے فلسطینی مساجد میں اذان پر پابندی کے نسل پرستانہ اور اسلام دشمن قانون کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنہیں مساجد میں گونجنےوالی اذان کی آواز سے پریشانی ہو رہی ہے وہ فلسطین سے نکل جائیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں فلسطینی سیکرٹری اوقاف حسن الصیفی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت کی طرف سے مساجد میں اذان پر پابندی کا متنازع قانون منظور کرکے فلسطینیوں کے دینی شعائر پر ایک نیا حملہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنہیں اذان کی آواز سے تکلیف پہنچتی ہے انہیں فلسطین میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ فلسطینی مساجد کی سرزمین ہے اور تا قیامت یہاں کی مساجد میں ’اللہ اکبر‘ کی آواز بلند ہوتی رہے گی۔

حسن الصیفی کا کہنا تھا کہ صہیونی حکومت اذان پر پابندی کے قانون کی آڑ میں فلسطینی مساجد پر پابندی کی سازش تیار کررہی ہے۔ مگر فلسطینی قوم صہیونی ریاست کی اسلام کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی حکومت نے ایک متنازع قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت فلسطین کے شہر بیت المقدس اور شمالی فلسطین کی 400 مساجد میں اذان پر پابندی لگانے کی سازش کی جاسکتی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی