فلسطینی عوام، حکومتی اور غیر حکومتی اداروں کے زیر انتظام چلائی والی بائیکاٹ مہم نے دنیا کے انصاف پسند عوام سے اپنی نئی اپیل میں مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی فرم ہیلوٹ پیکارڈ "ایچ پی” کا بائیکاٹ کریں کیونکہ یہ کمپنی اسرائیل کو ایسے آلات فراہم کر رہی ہے جنہیں صہیونی ریاست فلسطینیوں کے خلاف اپنے شرمناک اقدامات پر عمل درآمد کے لئے استعمال کر رہی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کو بائیکاٹ مہم کی جانب سے ارسال کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہیلوٹ پیکارڈ “Hp” اسرائیل کو ایسے آلات فراہم کرنے والی سب سے بڑی کمپنی ہے جنہیں استعمال کر کے صہیونی مملکت سرحدوں پر نسلی امتیاز کی پالیسی کو پروان چڑھا رہی ہے۔ انہیں شناختی کارڈ سمیت فلسطینی علاقوں کے بیچوں بیچ بنائی جانے والی دیوار فاصل میں حساس نوعیت کے سنسر لگانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔
بائیکاٹ مہم کے بیان کے مطابق ایچ پی کمپنی نے اسرائیل بالخصوص اس کی بحریہ کو ایسی ٹکنالوجی فراہم کی ہے جسے استعمال کرتے ہوئے اسرائیل غزہ کے خلاف محاصرے میں مزید شدت لا رہا ہے۔ نیز یہی کمپنی اسرائیل کو اپنی جیلوں میں لگانے کے لئے ایسی ٹکنالوجی فراہم کر رہے کہ جہاں پر اغوا کردہ فلسطینیوں کی بڑی تعداد رکھی جاتی ہے۔ اس ٹکنالوجی کو اسرائیل فلسطینی اسیران کی جاسوسی کے لئے استعمال کرتا ہے۔
ہیلوٹ پیکارڈ قابض حکام کو اپنے تیارکردہ پرنٹرز اور کمپیوٹرز فراہم کرتا ہے جنہیں اسرائیل فلسطینی سرزمین پر بنائی گئی یہودی بستیوں میں اپنے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کے لئے استعمال کرتا ہے۔
بائیکاٹ مہم میں زور دیا گیا ہے کہ فلسطینی عوام اور دنیا کے انصاف پسند عوام ہیلوٹ پیکارڈ کمپنی کی مصنوعات کا اس وقت تک بائیکاٹ جاری رکھین جب وہ اسرائیل کو اپنی ایسی ٹکنالوجی فروخت کرنے سے باز نہیں آتا کہ جسے وہ فلسطینی عوام کا گلہ گھوٹنے میں استعمال کرنے سے باز نہ آ جائے۔
بائیکاٹ مہم تین دسمبر تک جاری رہے گی جس میں دنیا بھر کے اندر ساٹھ سے زیادہ پروگرام منعقد کئے جائیں گے جن میں Hp کی مصنوعات خریدنے سے گریز کی اپیلیں کی جائیں گی۔