اسرائیلی پولیس نے فلسطینی محکمہ اوقاف کے ایک عہدیدار کی مسجد اقصیٰ میں داخلے پر پابندی عاید کر دی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی پولیس نے مسجد اقصیٰ کی تعمیراتی کمیٹی کے رکن اور محکمہ اوقاف کے عہدیدار 29 سالہ حسام سدر کی آئندہ چھ ماہ کے لیے مسجد اقصیٰ میں داخلے پر پابندی عاید کردی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق حال ہی میں اسرائیلی پولیس نے حسام سدر کو ’القشلہ‘ پولیس چوکی میں طلب کیا اور دو گھنٹے تک اس سے تفتیش کے بعد اسے ایک نوٹس تھمایا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ اسے اگلے چھ ماہ تک مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سدر نے بتایا کہ اسرائیلی پولیس نے دوران تفتیش کہا کہ اس کی مسجد اقصیٰ میں آمد ورفت خطرے کا موجب بن سکتی ہے۔ اس لیے وہ آئندہ چھ ماہ تک مسجد اقصیٰ میں داخل نہیں ہو سکے گا۔