مصری حکام نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی واحد بین الاقوامی گذرگاہ رفح تین روز[ہفتہ ، اتوار اور سوموار] کو دو طرفہ آمد ورفت کے لیے کھولنے کے بعد دوبارہ بند کردیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق رفح گذرگاہ کے ڈائریکٹر برائے اطلاعات وایل ابو عمر نے بتایا کہ سوموار کے روز 924 فلسطینی شہری بیرون ملک روانہ ہوئے جب کہ غزہ کی پٹی میں داخل ہونے والوں کی تعداد 706 درج کی گئی ہے۔ 62 فلسطینیوں کو بیرون ملک سفر سے روک دیا گیا۔ تاہم اس کی وجوہات بیان نہیں کی گئی ہیں۔
وائل عمرنے بتایا کہ گذشتہ روز چھ بسیں، متعدد کاریں اور کئی ایمبولینسیں مصر روانہ ہوئیں۔ الجزائر میں تعلیمی ویزے پر بیرون ملک جانے کے خواہش مند 30 طلباء کو روک دیا گیا۔ حالیہ ایام میں مجموعی طور پر 160 فلسطینی طلباء کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔
تین ایام میں 2 ہزار 363 فلسطینیوں کو رفح گذرگاہ سے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی جب کہ 205 فلسطینیوں کو بیرون ملک سفر سے روکا گیا۔