اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں گذشتہ اکتوبر میں زخمی ہونے والا ایک 16 سالہ فلسطینی لڑکا فارس البایض گذشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جس کے بعد یکم اکتوبر 2015ء کے بعد سے جاری تحریک انتفاضہ کے شہداء کی تعداد 271 ہوگئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سولہ سالہ فارس البایض گذشتہ اکتوبر کو غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا تھا۔ اسے مسلسل دو ماہ تک اسپتال میں زیرعلاج رکھا گیا مگر وہ جاں بر نہ ہوسکا اور گذشتہ روز جام شہادت نوش کرگیا۔
وزارت صحت کاکہنا ہے کہ البایض کے سر میں گولی لگی تھی جو اس کے لیے جان لیوا ثابت ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ فلسطین میں یکم اکتوبر دو ہزار پندرہ سے صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف تحریک انتفاضہ القدس جاری ہے۔ اس تحریک کے دوران اب تک 271 فلسطینی شہری صہیونی ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بن کر شہید ہوچکے ہیں۔