چهارشنبه 30/آوریل/2025

سلامتی کونسل میں قرارداد کا جواب بیت المقدس میں ہزاروں مکانات

اتوار 25-دسمبر-2016

اسرائیل کے عبرانی  ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ صہیونی حکومت نے سلامتی کونسل میں فلسطین میں یہودی بستیوں کے خلاف قرارداد کی منظوری کے جواب میں القدس شہر میں ہزاروں نئے مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔

اسرائیل کے عبرانی اخبار’’ یسرائیل ھیوم‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سلامتی کونسل میں یہودی بستیوں کے خلاف قرارداد کی منظوری کے رد عمل میں بیت المقدس کی بلدیہ نے شہر میں ہزاروں کی تعداد میں مکانات کی تعمیر کا عزم کیا ہے۔

یہ تمام مکانات گرین لاین [1948ء کے دوران قبضے میں لیے گئے فلسطینی علاقوں] سےباہر تعمیر کیے جائیں گے۔

اسرائیلی بلدیہ کی پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے ’گیلو‘ کالونی میں 2600، ’گیفات ھمتوز‘ میں 2600، بیت صفافا میں 400 اور شمالی بیت المقدس میں ’رمات شلومو‘ کالونی میں 5600 مکانات تعمیر کرنے کی منظوری دی ہے۔

عبرانی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ تعمیرات کی منظوری کا اعلان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین میں یہودی بستیوں کی تعمیر روکنے کی قرارداد منظور کیے جانے کے رد عمل میں کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کو سلامتی کونسل نے اسرائیلی بستیوں کے خلاف کثرت رائے سے ایک قرارداد منظور کی گئی تھی۔ اس قرارداد کی منظوری کے بعد اسرائیل نے اقوام متحدہ کے خلاف سخت اقدامات کا  فیصلہ کیا تھا۔ امریکا نے اس بار قرارداد کو ویٹو تو نہیں کیا تاہم قرارداد میں ہونے والی رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

مختصر لنک:

کاپی