جمعه 15/نوامبر/2024

فرانس میں پہلی بار یہودی مصنوعات پر’بائیکاٹ ٹیگ، صہیونی چراغ پا

ہفتہ 7-جنوری-2017

فرانس میں پہلی بار بازاروں میں فروخت ہونے والی مصنوعات میں اسرائیل کی ان مصنوعات پر خصوصی ٹیگ لگایا گیا ہے جو فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں قائم کردہ کاخانوں میں تیار کرنے کے بعد یورپی منڈیوں تک پہنچائی گئی ہیں۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے اپنی رپورٹس میں بتایا ہے کہ فرانس کے دارالحکومت پیریس میں متعدد بڑے  شاپنگ مراکز میں رکھی گئی مصنوعات پر ’یہودی کالونیوں کی مصنوعات‘ کے عنوان کا ٹیگ لگایا۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے جب فرانس کے شاپنگ مراکز میں صہیونی مصنوعات پر’متنازع‘ کی علامت چسپاں کی گئی ہے۔

اسرائیل کے عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ کئی مقامات پر رکھی گئی اسرائیلی مصنوعات پر ’اسرائیلی کالونیوں میں تیار کردہ‘ کا ٹیگ لگایا گیا ہے۔

اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیرس میں قائم اسرائیلی سفارت خانے کو بھی اس کا بہ خوبی علم ہے اور تنظیموں نے بھی اس پر احتجاج کیا ہے۔ یہودی سماجی گروپوں کی طرف سے فرانس میں اسرائیلی مصنوعات پر یہودی کالونیوں کا ٹیگ لگانے کو شرمناک قرار دے کر اسے مٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ فرانس نے گذشتہ برس نومبر میں یورپی یونین کے ساتھ مل کر ایک نئے ضابطہ اخلاق کی تیاری کا اعلان کیا تھا جس کے تحت سنہ 1967ء کی چھ روزہ عرب اسرائیل جنگ کے دوران قبضے میں لیے گئے فلسطینی علاقوں میں قائم اسرائیلی کارخانوں کی مصنوعات پر خصوصی ٹیگ لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

فرانس میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا ٹیگ ایک ایسے وقت میں لگایا گیا ہے جب پیرس کی میزبانی میں 15 جنوری کو عالمی مشرق وسطیٰ امن کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی