ترکی صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ وہ اپنے ملک میں رہنے والے عراقی اور شامی پناہ گزینوں کو ترکی کی شہریت دینے پر غور کر رہے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جنوبی ریاست شانلی اورفہ میں سول سوسائٹی کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے صدر ایردوآن نے کہا کہ وہ ملک میں پناہ گزین کیمپوں کے اندر اور باہر رہنے والے عراقی اور شامی پناہ گزینوں کو ترکی کی شہریت دینے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شامی اور عراقی شہریوں کو ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں کی بنیاد پر ترکی کی شہریت دی جائے گی تاکہ وہ کارآمد شہری بن سکیں۔ صدر ایردوآن نے کہا کہ پناہ گزینوں میں انجینیر، وکلاء، ڈاکٹرز اور دیگر پیشوں سے تعلق رکھنے والے پناہ گزین موجود ہیں جو ترکی کی تعمیرو ترقی میں نمایاں کردار ادا کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ عراق اور شام سے تعلق رکھنے والے 30 لاکھ کے قریب افراد ترکی میں پناہ گزین کے طور پر رہ رہے ہیں۔