فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے وسط میں اسرائیلی فوج کی بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں ایک فلسطینی مزاحمت کار زخمی ہوگیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے عسکری ونگ عوامی مزاحمتی بریگیڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی گولہ باری گذشتہ شام اس وقت کی گئی جب وسطی غزہ میں تنظیم کے ارکان ایک عسکری پریڈ کی تیاری میں مصروف تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی بلا اشتعال گولہ باری سے تنظیم کا ایک کارکن زخمی ہوا ہے جسے علاج کے لیے ایک مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
عوامی مزاحمتی بریگیڈ کا کہنا ہے کہ مجاھدین اور فلسطینی قوم اسرائیلی فوج کی جارحیت سے خوف زدہ نہیں ہوں گے۔ فلسطین کی پنجہ یہودی سے آزادی، قبلہ اول اور بیت المقدس کی آزادی تک جدو جہد جاری رکھیں گے۔