سترہ سال کے بعد نوکیا کے مشہورِ زمانہ فون نوکیا 3310 کو ایک دفعہ پھر متعارف کرا دیا گیا ہے۔
کئی لوگوں کے نزدیک دنیا کا مشہور ترین فون کہلائے جانے والے نوکیا 3310 کے تقریباً 12 کروڑ ساٹھ لاکھ یونٹس 2005 تک فروخت ہو چکے تھے جس کے بعد اس فون کو نوکیا کمپنی نے بنانا ختم کر دیا تھا۔
کچھ تبدیلیوں کے بعد دوبارہ متعارف کیے جانے والے نوکیا 3310 کو فن لینڈ کی کمپنی ایچ ایم ڈی بنا رہی ہے۔
موبائل فون کی صنعت و تجارت سے وابستہ ایک ماہر بین ووُڈ کے مطابق یہ نہایت ‘زبردست طریقہ’ ہے جس سے اتنے مشہور فون کو دوبارہ لایا جا رہا ہے۔
’نوکیا 3310 پہلا عوامی فون تھا اور اسے بے حد پذیرائی ملی تھی اور لوگوں کی یادیں وابستہ ہیں اس فون سے۔ ‘
ٹیکنالوجی کمپنی سی سی ایس اینسائٹ سے تعلق رکھنے والے بین ووُڈ کا کہنا ہے کہ اگر ایم ایم ڈی کوئی بھی دوسرا فون ریلیز کر رہی ہوتی تو شاید ہی ان کو اخباروں میں مشکل سے دو کالم کی جگہ ملتی۔ اس لحاظ نوکیا 3310 کا اعلان بہت اچھا فیصلہ تھا اور توقع ہے کہ یہ فون بہت بکے گا۔
نوکیا 3310 کے بارے میں اعلان بارسلونا میں ہونے والے موبائل ورلڈ کانگریس کے شروع ہونے سے پہلے کیا گیا۔
واضح رہے کہ نوکیا کمپنی اب خود فون نہیں بناتی۔
نئے نوکیا 3310 کو ‘فیچر فون’ کے طور پر پیش کیا گیا ہے جس میں انٹرنیٹ کی محدود سہولت موجود ہوگی اور اس کا کیمرا بھی صرف دو میگا پکزل کا ہوگا۔
لیکن اس فون کی خاص بات اس کی بیٹری لائف ہوگی جس کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ ایک مہینے تک کا سٹینڈ بائی ٹائم دے سکتی جبکہ 22 گھنٹے کا ٹاک ٹائم بھی اس فون پر ملے گا۔
لانچ کے وقت اس فون کی قیمت 51 ڈالر متعین کی گئی ہے۔