شنبه 16/نوامبر/2024

اسرائیلی فوج کی فلسطینی خاتون رکن پارلیمان کی گرفتاری

جمعرات 9-مارچ-2017

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں جمعرات کے روز بھی اسرائیلی قابض افواج کا کریک ڈاؤن جاری رہا۔ گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران فلسطینی مجلس قانون ساز کی خاتون رکن سمیرہ الحلایقہ سمیت 14 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوج نے فلسطینی شہریون کے خلاف یہ کریک ڈاؤن ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب فلسطین سمیت دنیا بھر میں خواتین  کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعرات کے روز اسرائیلی فوج نے الخلیل شہر میں الشیوخ  میں واقع اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی خاتون رکن پارلیمنٹ سمیرہ الحلایقہ کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوجیوں نے الحلائقہ کو ہتھکڑیاں لگانے کے بعد ان کی آنکھوں پر پٹی باندھی۔ ان کا لیپ ٹاپ اور موبائل ضبط کیا اور اس کے بعد انہیں کسی نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

سمیرہ الحلایقہ کی گرفتاری کے بعد اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینی ارکان پارلیمنٹ کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔ تحریک فتح کے رہ نما مروان البرغوثی، پیپلز فرنٹ کے احمد سعدات اور اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے پارلیمانی بلاک اصلاح وتبدیلی کے آٹھ ارکان خالد طفش، انور زبون، سمیرہ الحلایقہ، محمد ابو طیر، حسن یوسف، محمد جمال النتشہ، عزام سلھب اور احمد مبارک شامل ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میں تلاشی کے دوران تین فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔

مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فوج نے فلسطینی شہری مہدی مرعی کے گھر پر چھاپہ مارا اور اس کے اہل خانہ کو دھمکی دی کہ اگر انہوں نے المرعی کو فوج کےحوالے نہ کیا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اسرائیلی فوج مھدی المرعی کو تلاش کررہی ہے۔

اسرائیلی فوج نے شمالی شہر نابلس سے دو سابق اسیران  جہاد نشاطہ اور عاصف تیم سمیت  تین شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ شہر کے مشرقی قصبے اللبن سے سلیمان محمد السید عویس کی گرفتاری کی اطلاعات ہیں۔

ادھر غرب اردن کے شمالی شہر قلقیلیہ سے اسرائیلی فوج نے تلاشی کے دران 31 سالہ محمود کاید ابو عدوان کو حراست میں لے لیا۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے نضال حسین کو جیت کالونی کی چیک پوسٹ سے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

ادھر بیت المقدس میں تلاشی کے دوران سابق اسیران احمد مطیر، محمود اللوزی، جب کہ سلفیت سے ایک شہری کو حراست میں لے لیا۔

مختصر لنک:

کاپی