اسرائیلی حکام نے یہودیوں کے مذہبی تہوار’المساخر‘ کی آمد کے موقع پر زندانوں میں اسیران سے ان کے اقارب کی ملاقات پر غیرمعینہ مدت تک کے لیے پابندی عاید کردی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی اسیران سے ان کے اقارب کے ملاقات کا اہتمام کرانے میں معاون انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ’ریڈ کراس‘ کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج اور جیل انتظامیہ اگلے چند روز تک مذہبی تہوار کی تقریبات کے دوران اسیران سے ملاقاتوں پر پابندی عاید کردی ہے۔
ریڈ کراس کے جنین شہر میں قائم دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام کی طرف سے آج سوموار کے روز کسی فلسطینی قیدی سے اس کے کسی دوست یا رشتہ دار سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تاہم اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک اسرائیل میں ’عیدالمساخر کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جن کے دوران فلسطینی اسیران سے ان کے عزیزو اقارب کی ملاقات کی اجازت نہیں ہوگی۔