فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک سولہ سالہ فلسطینی بچہ شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں شہید فلسطینی لڑکے کی شناخت مراد یوسف ابو غازی کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 16 سال بتائی جاتی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق مراد ابو غازی کی شہادت سینے میں گولی لگنے کے نتیجے میں ہوئی۔
غازی کو شدید زخمی ہونے کے بعد العروب پناہ گزین کیمپ کے ایک مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ شدید زخمی فلسطینی لڑکے کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا تھا مگر وہ زیادہ دیگر زندہ نہ رہ سکا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اسرائیلی فوج کی ریاستی دشت گردی کے نتیجے میں متعدد دوسرے شہری بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔