شنبه 16/نوامبر/2024

تحریک ’فتح‘ کے اسیران کا اپریل میں اجتماعی بھوک ہڑتال کا اعلان

اتوار 26-مارچ-2017

اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینی سیاسی جماعت ’فتح‘ کے رہ نماؤں اور کارکنوں نے 17 اپریل 2017ء سے اسرائیلی مظالم کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی جیل میں قید تحریک فتح کے رہ نما اور رکن پارلیمنٹ مروان البرغوثی کی طرف سےجاری کردہ ایک بیان  سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ جماعت کے تمام اسیر کارکنان اور رہ نما آئندہ ماہ کے وسط سے اجتماعی بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔

البرغوثی کا کہنا ہے کہ وہ بھوک ہڑتال سے قبل اسرائیلی انتظامیہ کے سامنے اپنے مطالبات کی فہرست پیش کریں گے۔ اگر ہمارے تمام مطالبات تسلیم کئے گئے تو بھوک ہڑتال کا اعلان واپس لیا جاسکتا ہے ورنہ اپنے مطالبات پورے ہونے تک بھوک ہڑتال جاری رکھی جائے گی۔

فتح رہ نما کا کہنا ہے کہ وہ صہیونی جیل انتظامیہ اور فوج کے دباؤ میں آئیں گے اور نہ ہی اپنے مطالبات پر کوئی سمجھوتہ کریں گے۔ جماعت کی اسیر قیادت فیصلہ کرے گی بھوک ہڑتال کب ختم کرنی ہے۔

انہوں نے اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل تمام اسیران سے مطالبہ کیا کہ وہ صہیونی انتظامیہ کے مظالم کے جواب میں ذمہ داری اور بیداری کا مظاہرہ کریں۔ انتظامی حراست کے خلاف  بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔

فتحاوی رہ نما کا کہنا تھا ان کے مطالبات میں اسیران اور ان کے اقارب کے درمیان ملاقاتوں کا وقفہ کم کرنے اور ملاقات کا وقت 45 منٹ سے بڑھا کر 90 منٹ کرنے اور ہر تین ماہ میں ایک بار ملاقات کی اجازت دینے اور اسیران کو اپنے اقارب کے ساتھ تصاویر بنوانے کے مطالبات شامل ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی