اسلامی تحریک مزحمت ’حماس‘ کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق کی قیادت میں جماعت کے اعلیٰ اختیاراتی وفد نے اپنا چار روزہ دورہ لبنان مکمل کرلیا ہے جس کےبعد حماس وفد واپس دوحہ پہنچ گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق کی قیادت میں جماعت کے ایک وفد 22 سے 26 مارچ تک لبنان کا دورہ کیا۔ اپنے اس دورے کے دوران انہوں نے لبنانی صدر میشل عون، سابق وزیراعظم تمام سلام اور اسپیکر پارلیمنٹ سمیت کئی دیگر حکومتی اور سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔
حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ لبنانی قیادت سے ملاقاتوں میں لبنان میں حماس کے مندوب علی برکہ، جماعت کے شعبہ تعلقات عامہ کے انچارج اسامہ حمدان اور جماعت کے سیاسی شعبے کے رکن یاسر عبدالھادی بھی موجود تھے۔
حماس رہ نما ڈاکٹر ابو مرزوق نے اپنے دورہ لبنان کے دوران لبنانی صدر میشل عون، وزیراعظم سعد الحریری، اسپیکر پارلیمنٹ نبیہ بری، ڈائریکٹر انٹیلی جنس میجر جنرل عباس ابراہیم، سابق وزیراعظم تمام سلام اور دیگر رہ نماؤں سے الگ الگ ملاقات کی۔
ان ملاقاتوں میں فلسطین کی موجودہ صورت حال، فلسطین میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی، فلسطینی عرب علاقوں میں یہودی آباد کاری، غزہ کی پٹی کی معاشی ناکہ بندی اور غزہ کے عوام کو درپیش مشکلات، بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کی منتقلی کی مزعومہ کوششوں اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر لبنانی قیادت نے فلسطینی سیاسی جماعتوں کے درمیان اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بیروت فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق بشمول حق خود ارادیت اور حق واپسی کی حمایت جاری رکھے گا۔
لبنانی قیادت سے ملاقات کے دوران حماس کے وفد نے یقین دلایا کہ ان کی جماعت بیروت اور دوسرے شہروں میں قائم فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں امن وامان کے قیام کے لیے ہرممکن کوششیں جاری رکھے گی۔