جمعه 15/نوامبر/2024

فدائی حملہ آور کے والد اور بھائی سمیت کئی فلسطینی زیرحراست

جمعہ 7-اپریل-2017

اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں آج جمعہ کو گھر گھر تلاشی کی کارروائی کے دوران گذشتہ روز فدائی حملہ کرنے والے مالک حامد کے والد اور بھائی سمیت کئی فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج نے جمعہ کے روز رام اللہ کے نواحی علاقے عوفرا میں فلسطینی فدائی حملہ آورمالک حامد کے گھر پر چھاپہ مارا اور گھر سے فدائی حملہ آور کے والد اور بھائی کوحراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق صہیونی فوج نے غرب اردن کے نواحی علاقے سلواد کا محاصرہ کیا اور فلسطینی شہریوں کو نماز فجر کی ادائی کے لیے مساجد جانے سے بھی روک دیا۔ اس پر فلسطینی شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان کشیدگی کئی گھنٹے جاری رہی۔

ایک مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے نمازفجرسے قبل مقامی وقت کے مطابق رات تین بجےسلواد قصبے پر دھاوا بولوا اور شہریوں کے گھروں پر صوتی بموں اور آنسوگیس سے حملہ کردیا۔

اس کے بعد قابض فوجی گھروں کی چادراورچار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے شہریوں کے گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ کی۔ اس دوران فلسطینی فدائی حملہ آور مالک حامد کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران اس کے والد مالک احمد حامد اور اس کے بھائی موسیٰ حامد کو حراست میں لے لیا۔

خیال رہے کہ مالک حامد نے گذشتہ روز سلواد میں اپنی گاڑی اسرائیلی فوج پر چڑھادی تھی جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔ مالک حامد کو اسرائیلی فوج نے فارئرنگ کے بعد زخمی کردیا تھا جسے بعد ازاں زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا۔

ادھر سلواد میں تلاشی کے دوران معتصم حماد اور محمد حامد کو بھی حراست میں لے لیا۔

مقامی فلسطینی شہریوں کے مطابق اسرائیلی فوج نے فدائی حملہ آور فلسطینی کا مکان مسمار کرنے کے لیے جائزہ رپورٹ تیار کی ہے۔ کسی بھی وقت اس مکان کومسمار کردیا جائے گا۔

ادھر بیت لحم میں اسرائیلی فوج نے  تلااشی کے دوران فلسطینی شہری محمد عمر مسلط کو حراست میں لے لیا۔

اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس سے اسلام الزبیدی اور محمد البخاری کو حراست میں لےلیا۔ اس کے علاوہ قابض فوج نے جمعہ کے روز طولکرم اور جنین میں بھی تلاشی کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

مختصر لنک:

کاپی