شمالی کوریا کی حکومت اور امریکا کے درمیان تازہ کشیدگی کے ایک خطرناک موڑ پر شمالی کوریا کا میزائل تجربہ نکام ہوگیا ہے۔
جنوبی کوریا اور امریکا کا دعویٰ ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے مشرقی ساحل پر میزائل لانچ کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔
شمالی کوریا کو ناکامی کا سامنا ایسے وقت میں کرنا پڑا ہے جب ایک روز قبل ہی اس نے امریکا کو متنبہ کیا تھا کہ ‘اگر امریکا ہمارے خلاف لاپرواہی پر مبنی اشتعال انگیزی کرتا ہے، تو ہماری انقلابی قوت فوری طور پر اس کا سنگین جواب دے گی۔ ہم بھرپور جنگ کا اور جوہری جنگ کا اپنے انداز میں جوہری حملے سے جواب دیں گے’۔
امریکا اور جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ میزائل لانچ کے چند سیکنڈ بعد ہی پھٹ گیا۔
واضح رہے کہ اس ناکام تجربے سے 24 گھنٹے قبل ہی فوجی پریڈ میں دور مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کی نمائش کی گئی تھی۔
شمالی کوریا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پانچ ایٹمی تجربے پہلے کر چکا ہے۔
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ‘شمالی کوریا نے اپنی مشرقی بندرگاہ سنپو سے نامعلوم قسم کے میزائل کا تجربہ کرنے کی کوشش کی لیکن یہ تجربہ ناکام رہا۔’
امریکی کمانڈ نے بھی ناکام تجربے کی تصدیق کی اور کہا کہ انھوں نے ڈیٹیکٹ کیا اور پیچھا کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ بظاہر شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل تھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے امریکی بحریہ کے کمانڈر ڈیو بینہم کے حوالے سے کہا ہے کہ ’میزائل تقریباً فوراً ہی پھٹ گیا تھا۔