یورپ کے خلائی تحقیقاتی ادارے اور چین نے مشترکہ طور چاند پرانسانی آبادی کے ایک نئے منصوبے پر کام شروع کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق چین نے چاند پر ’چاند بستی‘ کے عنوان سے ایک نیا منصوبہ شروع کیا ہے۔ اس منصوبے کا اصل مقصد چاند پر انسانی آبادی کے ساتھ ساتھ اگلے مراحل میں وہاں سے مریخ پر تحقیقاتی مشن بھیجنے کے انتظامات کرنا ہے۔
یورپی خلائی تحقیقاتی ادارے کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ چین کے ساتھ مل کر چاند پرانسانی آبادی کے پروجیکٹ پر کام کررہے ہیں۔
چین کی خلائی تحقیقاتی ایجنسی کے سیکرٹری جنرل تیان یولونگ نے بھی کہا ہے کہ بیجنگ اور یورپ کے درمیان چاند پر انسانی آبادی کے منصوبے پر بات چیت جاری ہے۔
یورپی خلائی ایجنسی کے ترجمان پال ہینسٹنڈائی کا کہنا ہے کہ چین چاند کی تسخیر میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنہ 1960ءکے دور میں تسخیر کائنات کا جو پروگرام شروع ہوا تھا اب اس کا انداز بدل گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چاند پر انسانی آبادی کے منصوبے کے تحت جس مجوزہ بستی کے قیام کی تیاری کی جا رہی ہے اسے مریخ پر تحقیقاتی مشن بھیجنے کے لیے ایک اڈے کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔