شمالی کوریا نے فلسطینی قوم کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کا اظہارکرتے ہوئے صہیونی ریاست کو دہشت گردی میں ملوث ریاست قرار دیا ہے۔ دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے پیانگ یانگ کے فلسطین کے بارے میں جرات مندانہ موقف کی تحسین کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت کرکے قوم کے دل جیت لیے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق شمالی کوریا کی طرف سے سامنے آنے والے بیان کے رد عمل میں حاس کے ترجمان سامی ابو زھری نے کہا کہ شمالی کوریا کی وزارت خارجہ نے فلسطین پر اسرائیلی ریاست کے ناجائز اور مسلسل قبضے کی مخالفت کرتے ہوئے فلسطینی قوم کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے۔ حماس اور فلسطینی قوم پیانگ یانگ کے موقف کی تحسین کرتے ہوئے اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے فلسطینی قوم کے حق خود ارادیت کی حمایت کے ساتھ ساتھ فلسطینوں کی جدو جہد آزادی کی مکمل حمایت کی ہے۔
ادھر اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین نے شمالی کوریا کے تازہ بیان پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ امریکا اور شمالی کوریاکے درمیان محاذ آرائی کے براہ راست منفی اثرات اسرائیل پرپڑیں گے۔
قبل ازیں شمالی کوریا کی طرف سے کہا گیا تھا کہ اسرائیل مشرق وسطیٰ میں واحد ملک ہے جس نے امریکا کی مدد سے جوہری ہتھیار تیار رکھے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل مشرق وسطیٰ میں دیر پا قیام امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اس کا مقبوضہ عرب علاقوں پر قبضہ ناجائز ہے اور وہ انسانیت کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تنازع فلسطین۔ اسرائیل کے حوالے سے شمالی کوریاکا موقف واضح ہے۔ پیانگ یانگ فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی مکمل طور پرحمایت کرتا ہے اور ان کی خود مختار ریاست کے لیے جاری جدو جہد کو قانونی تسلیم کرتا ہے۔