اسرائیل کے ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ روز مصر کے جزیرہ نما سیناء سے غزہ کے نواحی علاقے اشکول میں ایک یہودی کالونی پر راکٹ حملہ کیا گیا تاہم اس حملے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جزیرہ نما سیناء سے نامعلوم عسکریت پسندوں کی طرف سے غزہ کے قریبی علاقے اشکول میں ایک راکٹ داغا گیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق راکٹ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فوج نے داغے گئے راکٹ کا ملبہ قبضے میں لے کر اس کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تاہم اس موقع پر خطرے کے الارم نہیں بجائے گئے۔
خیال رہے کہ 10 اپریل کو بھی جزیرہ نما سینا میں ایک راکٹ داغا گیا تھا۔ اس راکٹ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا تاہم شدت پسند تنظیم ’داعش‘ نے اس کی ذمہ داری قبول کی تھی۔