چهارشنبه 30/آوریل/2025

قبطی عیسائیوں کا قتل عام وحشیانہ دہشت گردی ہے:حماس

ہفتہ 27-مئی-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نےگذشتہ روز مصر کی المنیا گورنری میں مصری قبطیوں کی ایک بس پر اندھا فائرنگ اور اس واقعے کے نتیجے میں 24 افراد کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ قبطی برادری کے شہریوں کا قتل عام منظم دہشت گردی کی وحشیانہ کارروائی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا کہ المنیا میں جمعہ کے روز ہونے والی دہشت گردی وحشیانہ اور قابل مذمت کارروائی ہے۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ فرقہ پرست عناصر مصر میں مذہبی ہم آہنگی کی فضاء کو تباہ کرنے کی سازش کررہے ہیں۔

فوزی برھوم نے کہا کہ مصری قبطیوں کی بس پرحملہ بدترین اور وحشیانہ دہشت گردی کی  قابل مذمت شکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصری قوم کا دشمن سرزمین مصر میں فرقہ وارنہ دہشت گردی کی سازش کررہا ہے۔ مصری حکومت کو فرقہ پرست عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کرنی چاہیے۔ فوزی برھوم نے کہا کہ مصر میں گذشتہ روز ہونے والی دہشت گردی سے مصر اور مسلم امہ کے دشمنوں کو ہی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز قبطی برادری کے شہریوں کے قتل عام کے واقعے پر حماس کی ہمدردیاں پوری مصری قوم کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز مصر کی المنیا گورنری میں قبطی عیسائیوں کی ایک بس پر فائرنگ کے نتیجے میں کم سے کم 24 افراد ہلاک اور 27  زخمی ہوگئے تھے۔

مختصر لنک:

کاپی