اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 2 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ وزیر داخلہ اریے ادرعی اور ان کی اہلیہ پربدعنوانی کے الزامات سامنے آنے کے بعد ان سے پوچھ تاچھ شروع کی گئی ہے۔
اسرائیلی عبرانی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس کے انسداد بدعنوانی کے حکام نے گذشتہ سوموار کو اسرائیلی وزیر داخلہ اریے درعی اور ان کی اہلیہ کو ایک پولیس سینٹر میں طلب کیا جہاں ان سے مبینہ کرپشن کے الزامات کے بارے میں سامنے آنے والی معلومات پر پوچھ تاچھ کی گئی۔
شدت پسند مذہبی جماعت ’شاس‘ کے چیئرمین اور وزیر داخلہ اریے درعی اور اس کی اہلیہ پر رشوت وصول کرنے، منی لانڈرنگ، امانت میں خیانت، دھوکہ دہی، سرقہ اور ٹیکس چھپانے سمیت دیگر جرائم کا الزام عاید کیا گیا ہے۔
اسرائیلی کی انسداد بدعنوانی پولیس ایک ہفتہ قبل درعی کی اہلیہ سے الگ بھی پوچھ گچھ کرچکی ہے۔ پولیس نے درعی کے مقرب 14 مشکوک افراد کو حراست میں لیا ہے جن پر کرپشن کا الزام عاید کیا گیا ہے۔