جمعه 15/نوامبر/2024

ملائیشیا میں فلسطینی کمیونٹی کی ساتویں عظیم الشان افطار پارٹی

پیر 12-جون-2017

ملائیشیا کے صدر مقام کولالمپور میں گذشتہ روز فلسطینی کمیونٹی کی جانب سے ساتویں سالانہ عظیم الشان افطار پارٹی کا انعقاد کیا گیا۔ افطار پارٹی میں ملائیشیا کے نائب وزئراعظم زاھد حید سمیت بڑی تعداد میں سیاسی اور سماجی شخصیات، ملائیشیا میں مقیم فلسطینی شہریوں اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کولالمپور میں عظیم الشان افطار پارٹی کا اہتمام ’فلسطین کلچرل آرگنائزیشن‘ کی جانب سے کیا گیا۔

اس موقع پر فلسطین کلچرل آرگنائزیشن کے عہدیدار مسلم عمران نے فلسطینی قوم کی بنیادی حقوق کی حمایت میں ملائیشیا کے کردارکی تحسین کی۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کی حکومت، سیاسی قیادت اور عوام نے ہرفورم پر فلسطینی قوم کی حمایت کے لیے آواز بلند کی۔ فلسطینی قوم ملائیشیا کی حکومت اور عوام دونوں کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرسکیں گے۔

مسلم عمران نے کہا کہ ملائیشیا میں فلسطین کلچرل آرگنائزیشن کے قیام کے بعد مسلسل سات سال سے تنظیم قضیہ فلسطین کے لیے خدمات انجام دے رہی ہے۔ تنظیم کو مقامی شہریوں، سیاسی جماعتوں اور حکومت کی طرف سے بھی بھرپور تعاون حاصل رہا ہے۔

اس موقع پر ملائیشیا کے نائب وزیراعظم زاھد حمیدی نے فلسطینی دھڑوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔

زاھد حمیدی نے فلسطین، شام اور دیگر فوری حل طلب مسائل کےحل کی ضرورت پر زور دیا کہا کہ ان کا ملک فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت اور ان کی مشکلات کم کرنے میں ان کی مدد جاری رکھے گا۔

مختصر لنک:

کاپی