اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے سینیر رکن ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق کی قیادت میں جماعت کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد نے لبنانی پبلک سیکیورٹی ڈائریکٹر جنرل سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس رہ نما ابو مرزوق کی قیادت میں وفد نے بیروت میں پبلک سیکیورٹی ڈائریکٹر میجر جنرل عباس ابراہیم سے ملاقات کی۔
حماس کے وفد نے لبنانی سیکیورٹی ڈائریکٹر سے ہونے والی ملاقات میں فلسطین کی تازہ صورت حال سے آگاہ کیا۔
اس موقع پرحماس رہ نما نے قضیہ فلسطین کے خلاف امریکی صہیونی گٹھ جوڑ اور فلسطینی قوم کے مسلمہ حقوق پرڈاکہ ڈالنے کی سازشوں کی مذمت کی۔
ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے کہا کہ حماس قابض دشمن کے خلاف مسلح مزاحمت جاری رکھے گی اور فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی تک جدو جہد جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ حماس لبنان کی سلامتی، خود مختاری اور سالیمت و استحکام کی خواہاں ہے۔ لبنان میں مقیم فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق کے حصول کےساتھ ساتھ لبنان کی داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بیروت سے ہرممکن تعاون جاری رہے گا۔
اس موقع پر لبنانی ڈائریکٹر جنرل پبلک سیکیورٹی میجر جنرل عباس ابراہیم نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے لبنان میں قائم فلسطینی پناہ گزین کیمپوں کی سیکیورٹی کے لیے ضروری اقدامات کرتے رہیں گے۔ انہوں نے فلسطینی پناہ گزینوں کی جانب سے بھی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔