اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور فلسطین کی دوسری جماعتوں نے کل جمعہ کو نصرت الاقصیٰ کے لیے ملک بھر میں ’یوم الغضب‘ کے طورپر منانے کا اعلان کیا ہے۔ یوم الغضب پر فلسطین بھرمیں احتجاجی ریلیاں اور ، مظاہرے اور جلوس نکالے جائیں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں ملک کے تمام طبقات پر زور دیا گیا ہے کہ وہ دفاع قبلہ اول کے لیے جمعہ کے روز سڑکوں پر نکل کر بھرپور احتجاج کریں اور قبلہ اول کے خلاف اسرائیلی سازشوں کوناکام بنا دیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نام نہاد سیکیورٹی وجوہات کی آڑ میں مسجد اقصیٰ کو تقسیم کرنا اور اس پراپنی مکمل عمل داری قائم کرنا چاہتا ہے۔ قبلہ اول جس طرح کے سنگین خطرات کا آج سامنا کررہی ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔
حماس کا کہنا ہے کہ کل جمعہ کو بیت المقدس، غزہ کی پٹی، غرب اردن اور فلسطین کےدوسرے علاقوں میں دفاع الاقصیٰ ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ تمام فلسطینی ان ریلیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ حماس کا کہنا ہے کہ غرب اردن میں یہودی کالونیوں اور فلسطینی آبادیوں کو باہم ملانے والے مقامات پر مظاہرے کیے جائیں گے۔
ادھر دوسری جانب مسجد اقصیٰ کے باہر آج بھی فلسطینیوں کی بڑی تعداد اسرائیلی پابندیوں کے خلاف دھرنا دیے ہوئے ہے۔ فلسطینی شہریوں اور محکمہ اوقاف کے ملازمین نے کہا ہے کہ وہ الیکٹرانک گیٹس کےاٹھائے جانے تک قبلہ اول کے باہر احتجاج جاری رکھیں گے۔