چهارشنبه 30/آوریل/2025

فلسطینی پارلیمان کے 12 منتخب ارکان صہیونی زندانوں میں قید

پیر 24-جولائی-2017

قابض صہیونی ریاست کی جانب سے فلسطینی پارلیمان پر شب خون مارنے اور منتخب ارکان پارلیمان کو بلا جوازحراست میں لینے کا جمہوریت دشمنی پرمبنی سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے غرب اردن سے ایک اور فلسطینی رکن پارلیمنٹ عمر عبدالرزاق کو سلفیت شہر سے حراست میں لےلیا۔ عبدالرزاق کی گرفتاری کے بعد اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل منتخب فلسطینی ارکان اسمبلی کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سماجی کارکن ریاض الاشقر نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز رکن پارلیمان عمر عبدالرزاق کے سلفیت شہر میں گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

ریاض الاشقر کا کہنا ہے کہ عمر عبدالرزاق کی یہ پہلی گرفتاری نہیں بلکہ وہ چھ بار پہلے بھی گرفتار ہو کر چھ سال تک اسرائیلی جیلوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔ سنہہ 2014ء کو انہیں حراست میں لے کر9 ماہ تک مسلسل پابند سلاسل رکھا گیا تھا۔

اسرائیلی زندانوں میں قید دیگر منتخب فلسطینی ارکان پارلیمان میں 51 سالہ محمد اسماعیل الطل بھی شامل ہیں جو خرابی صحت کے باوجود صہیونی عقوبت خانوں میں انتظامی حراست کی پالیسی کے تحت پابند سلاسل ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے فلسطینی ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے جمہوریت کے عالمی علم برداروں کے کردار پرسوالیہ نشان اور ان کے منہ پر زور دار طمانچہ قرار دیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی