اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے رہنما صلاح البردویل کا کہنا ہے کہ ان کی تحریک اپنے اصولوں پر قائم رہے گی اور قطر اور ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات رکھے گی۔ انہوں نے اس موقع پر قطر اور ترکی کی جانب سے فلسطینی عوام کی حمایت میں اٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔
البردویل نے خبررساں ایجنسی قدس پریس کو بتایا کہ حماس کی جانب سے تحریک فتح کے رہنما محمد دحلان کے ساتھ شروع کئے جانے والے مذاکرات قومی مفاہمت اور غزہ پر مسلط دس سالہ محاصرے کو ختم کرنے کی کوششوں کا ہی حصہ ہے۔
بردویل نے مزید بتایا کہ حماس مزاحمت کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ غزہ کے عوام کو تھکا دینے والے محاصرے سے نمٹنے کی تیاری بھی کررہی ہے۔
انہوں نے فلسطینیوں کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے بیمار افراد ادویات کی عدم فراہمی کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور وہ غزہ کی سرحدوں کی بندش کی وجہ سے کسی دوسرے ملک کا سفر بھی نہیں کرسکتے ہیں۔