افریقی عرب ملک مراکش میں ایک سیاسی جماعت کے اجمتاع میں ایک اسرائیلی عہدیدار اور سیاست دان کی شرکت پر عوامی اور سماجی حلقوں کی طرف سے شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مراکش میں اسرائیلی بائیکاٹ کے لیے سرگرم ’مراکشی کمیٹی برائے نصرت مسائل امہ‘ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ ’مراکش۔ اسرائیل فرینڈ شپ‘ آرگنائزیشن کی جانب سے اپنی ایک تقریب میں ایک صہیونی شخصیت ’سیمون سکیرا‘ کو شریک کیے جانے پر عوام میں سخت غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل۔ مراکش فریںڈ شپ تنظیم کی طرف سے ایک اسرائیلی سیاسی شخصیت کو اپنی تقریب میں شریک کرکے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ یہ تنظیم مراکشی یہودیوں کے ساتھ سیاسی اتحاد کے لیے کوشاں ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مراکش میں عوام کسی صہیونی شخصیت یا عہدیدار کو کسی پبلک اجتماع میں شرکت کی کسی صورت میں حامی نہیں ہیں۔ آرگنائزیشن کی طرف سے اس طرح کے اقدامات اور اسرائیلی لیڈروں کو اپنے پروگرامات میں شریک کرنا عوامی کی منشا کے خلاف صہیونی ریاست کے ساتھ راہ و رسم بڑھانا ہے۔