فرانسیسی حکومت نے فلسطین میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینی اسکولوں کی مسماری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے تعلیمی دشمنی پر محمول اقدامات قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فرانسیسی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین میں تعطیلات کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز سے ہی صہیونی ریاست نے فلسطینی اسکولوں کی مسماری شروع کر دی ہے۔ یہ قابل مذمت اقدام ہے۔ بیان میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے اسکولوں اور گھروں کی مسماری کا سلسلہ فوری طور پربند کرے۔
فرانسیسی وزارت خارجہ کی ترجمان آینسز روماٹیٹ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی انتظامیہ نے 22 اگست کو مشرقی بیت المقدس میں ’جب الذیب‘ میں یورپی یونین کی مالی معاونت سے تعمیر کردہ ایک فلسطینی اسکول زمین بوس کردیا۔ اس کے علاوہ اسکول پر نصب شمسی توانائی کے پینل بھی اتار لیے گئے۔ اس کے علاوہ مشرقی بیت المقدس مین ابو انور کے مقام پر اور العیزریہ میں دو اسکول مسمار کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل یورپی یونین کی جانب سے بھی فلسطین اسکولوں کی مسماری کی شدید مذمت کی گئی تھی۔
یورپی یونین نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔