اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا ہے کہ وہ فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے میں کوئی یہودی کالونی ختم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی اخبارات میں شائع ہونے والے بیان میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو نے کہا ہے کہ غرب اردن بھی اسرائیل کا حصہ ہے اور وہاں پر قائم کی گئی تمام یہودی کالونیوں کو برقرار رکھا جائے گا۔
عبرانی اخبار ’معاریو‘ کے مطابق نیتن یاھو نے یہ بیان شمالی غرب اردن پر قبضے کے 50 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب میں دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ’یہودا اور السامرۃ‘[غرب اردن] تک پھیلا ہوا ہے۔ ہم کسی کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ان علاقوں میں قائم کی گئی کوئی یہودی کالونی ختم کرسکے۔
نیتن یاھو نے اعتراف کیا کہ ان کی حکومت فلسطین میں یہودی آباد کاری کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کی نسبت زیادہ سرگرم رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہودی کالونیاں قیام امن کی راہ میں رکاوٹ نہیں۔ ہم غزہ سے باہر نکل آئے مگر ہمیں اب بھی راکٹون کا سامنا ہے۔ ہم اب مزید کوئی علاقہ فلسطینیوں کے لیے خالی نہیں کریں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر گریڈ کوشنر سمیت اعلیٰ حکام کا ایک وفد اسرائیل کے دورے سے واپس ہوا ہے۔ امریکی وفد کے دورے کا مقصد فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تعطل کا شکار امن بات چیت کی بحالی کے لیے اقدامات کرنا ہے۔