اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] اور اس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈز نے دنیا بھر کے مسلمانوں خصوصاً فلسطینیوں کو عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع کی مبارکباد دی ہے۔
حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں اسیران اور شہداء کے خاندانوں کی تعریف کی اور ان سے وعدہ کیا کہ تمام مقبوضہ فلسطینی اراضی کی آزادی تک مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
تحریک نے عرب اور مسلمان ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دبائو ڈال کر اس کا فلسطین پر تسلط ختم کروائیں۔
اس موقع پر القسام بریگیڈز نے بھی مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے آن لائن پیغام میں کہا کہ غزہ پر عائد محاصرہ فلسطینی عوام کی ثابت قدمی کے سامنے یقینا کمزور پڑ جائیگا۔ انہوں نے اسرائیلی جیلوں میں قید تمام فلسطینی قیدیوں کی رہائی یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
القسام بریگیڈز نے تمام فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ قومی وحدت سے جڑے رہیں اور شہداء اور اسیران کے گھروں میں جانے کی ترغیب دی۔