برما میں ریاستی دہشت گردی کے شکار مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے فلسطین بھر میں مظاہرے جاری ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کل جمعرات کو اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی اپیل پر غزہ کی پٹی اور فلسطین کے دوسرے شہروں میں روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے ظلم کے خلاف احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور جلسے جلوس منعقد کیے گئے۔ ریلیوں سے خطاب میں حماس اور دیگر فلسطینی قیادت نے روہنگیا مسلمانوں کو ریاستی جبر سے نجات دلانے کے لیے عالم اسلام کو متحرک اور فعال کردار ادا کرنے پر زور دیا۔
غزہ کی پٹی میں جامع مسجد شہداء کے باہر احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر برما کے مسلمانوں کی حمایت اور وہاں کی حکومت اور فوج کے خلاف سخت الفاظ میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین بہت جذباتی تھے اور انہوں نے برما کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کے لیے جہاد شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
مقررین نے روہنگیا مسلمانوں کے بے دریغ قتل عام پر روشنی ڈالی اور عالم اسلام پر زور دیا کہ وہ برما میں مسلمانوں کا مزید کشت وخون روکنے کے لیے موثر کردار ادا کرے۔
غزہ میں روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکالے گئے جلوس سے خطاب کرتے ہوئے حماس رہ نما زکریا زین الدین نے کہا کہ تمام تر مشکلات اور مصائب والام کے باجود غزہ کی پٹی کے عوام اور پوری فلسطینی قوم روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا میں مسلمانوں کا وحشیانہ قتل عام چھپن آزاد مسلمان ممالک اور او آئی سی کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔