اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں جماعت کے وفد نے قاہرہ میں مصری انٹیلی جنس چیف سے ملاقات کی ہے۔ دوسری جانب حماس نے باور کرایا ہے کہ وہ قاہرہ کی زیرنگرانی صدر محمود عباس کی جماعت تحریک فتح کےساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ شام قاہرہ میں مصری انٹیلی جنس چیف سے ملاقات کے موقع پر حماس رہ نما اسماعیل ھنیہ اور جماعت کے فلسطین کےاندر اور باہر موجود قیادت بھی موجود تھی۔
ملاقات کے بعد حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کسی صورت میں غزہ کی پٹی کو مصر کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس مصر کی سلامتی کے لیے تمام تراقدامات کرے گی۔
حماس کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وہ مصر کی زیرنگرانی تحریک ’فتح‘ کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس مصری قیادت سے ملاقاتوں کےبعد فتح کےساتھ فوری مذاکرات اور مفاہمتی معاہدے کے لیے تیار ہے۔
بیان میں کہاگیا ہے کہ حماس غزہ کی پٹی میں اپنے زیرنگرانی قائم انتظامی کمیٹی فوری طور پر تحلیل کرنے اور غزہ کے تمام امور قومی حکومت کے حوالے کرنے کے ساتھ انتخابات کے لیے دوسری جماعتوں کے ساتھ مل کر مہم چلانے کے لیے تیار ہے۔ فلسطینیوں کے درمیان اتحاد کی مصری مساعی کو آگے بڑھانے کے لیے ہرممکن کوشش کی جائے گی۔