اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی جانب سے صہیونی ریاست کو انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے باعث بلیک لسٹ کرنے پر اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور دیگر فلسطینی تنظیموں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صہیونی ریاست کو بلیک لسٹ کرنا خوش آئند اور اہم پیش رفت ہے۔ انسانی حقوق کونسل کو چاہیے کہ وہ صہیونی ریاست کا بائیکاٹ کرے اور اس پر پابندیاں عاید کرنے کی سفارشات تیار کرے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں جنیوا میں ہونے والے انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے دوران صہیونی ریاست کو بلیک لسٹ کر دیا گیا تھا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انسانی حقوق کونسل کے اس اقدام نے صہیونی ریاست کے ظلم اور فلسطینی قوم کی مظلومیت ایک بار پھر دنیا کے سامنے ثابت کردی ہے۔ دنیا یہ جان چکی ہے کہ صہیونی ریاست کی بنیاد ظلم پرقائم کی تھی یہ غاصب ریاست آبھی ظالمانہ اور انسان دشمن پالیسیوں پر چل رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ صرف قراردادوں اور مذمتی بیانات سے صہیونی ریاست کو انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے نہیں روکا جاسکتا۔ عالمی عدالت انصاف اور دیگر عالمی ادارے صہیونی ریاست کے جرائم کا محاسبہ کریں اور صہیونی دشمن کو فلسطینیوں کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں سے روکیں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل 29 رکن ممالک نے صہیونی ریاست کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے اس پر فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا الزام عاید کیا تھا۔