فلسطین میں نجی شعبے اور سماجی بہبود کے لیے کام کرنے والی شخصیات نے بتایا ہے کہ چین نے غزہ کی تعمیر نو میں حصہ لینے کے لیے ایک وسیع سیاسی اور اقتصادی پلان تیار کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں پریس ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی شخصیات نے بتایا کہ چین غزہ کی پٹی کی تعمیر نو اور بحالی کے منصوبوں میں گہری دلچسپی لے رہا ہے۔ بیجنگ کی جانب سے غزہ کے لیے سیاسی اور اقتصادی پلان تیار کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
فلسطین سوسائٹی کے چیئرمین منیب المصری نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں تعمیر نو کی غیرمعمولی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کے لیے ایک کمپنی کے قیام کی تجویز پیش کی ہے۔
المصری نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر میں چین اور دوسرے ممالک کی سرمایہ کاری قابل تحسین اقدام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں صدر محمود عباس کےدورہ چین کے دوران بیجنگ نے فلسطین میں سیاسی اور اقتصادی منصوبے کی پیشکش کی تھی۔ چین تنازع فلسطین کے حل کے لیے ’روڈ میپ‘ دینے کو تیار ہے۔ چین کے روڈ میپ کو عالمی برادری کی طرف سے حمایت حاصل ہوسکتی ہے۔