جمعه 02/می/2025

اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد سے 17 فلسطینی مظاہرین زخمی

ہفتہ 7-اکتوبر-2017

اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی علاقوں مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں پرامن فلسطینی مظاہرین پر وحشیانہ تشدد کیا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 17 فلسطینی زخمی ہوگئے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں ام الشرایط کالونی میں اسرائیلی فوج نے پرامن فلسطینی مظاہرین پر وحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 12 فلسطینی زخمی ہوگئے۔

ادھر مقبوضہ غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے میں ایک پرامن ریلی پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے پانچ فلسطینی شہری زخمی ہوئے۔

مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نےرام اللہ میں ام الشرایط کے مقام پر نکالی گئی ایک ریلی پر فائرنگ کی،آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوئے۔

ہلال احمر فلسطین کے مطابق دس فلسطینی شہریوں کو فوری طوری امداد فراہم کی گئی۔ ان میں سے بیشتر افراد دھاتی گولیاں لگنے اور آنسوگیس کی شیلنگ سے زخمی ہوئے تھے۔ دو فلسطینیوں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے رام اللہ میں پرامن احتجاج کرنے والے دو فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

ادھر رام اللہ اور نابلس کو ملانے والی مرکزی شاہراہ کو اسرائیلی فوج نے کئی گھنٹے تک سیل کیے رکھا۔ اس دوران اسرائیلی فوج نے راہ چلتے فلسطینیوں کی شناخت پریڈ کی اور انہیں زدو کوب کیا۔

ادھر شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کی قائم کردہ نام نہاد دیوار فاصل کے قریب احتجاج کرنے والے متعدد فلسطینیوں کو گولیوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 5 فلسطینی زخمی ہوگئے۔

مختصر لنک:

کاپی