کویت کی پارلیمنٹ [مجلس الامۃ] کے اسپیکر مرزوق الغانم نے بدھ کو روس میں ہونے والے عالمی پارلیمانی اجلاس میں صہیونی ریاست کے وفد کو نکال باہر کیا جس پر نہ صرف فلسطینی قوم پربلکہ عرب اور مسلم دنیا کی طرف سے ان کی تحسین کی گئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق روس کے شہر سینٹ پیٹرس برگ میں عالمی پارلیمان کے 137 اجلاس کے دوران جب مرزوق الغانم کو تقریر کی دعوت دی گئی تو انہوں نے اجلاس میں صہیونی پارلیمانی وفد کی موجودگی پرسخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے صہیونی وفد کو قاتل اور غاصب قرار دیتے ہوئے فوری طور ہال سے نکل جانے کا مطالبہ کیا۔ کویتی اسپیکر کے مطالبے کے بعد صہیونی وفد کو شدید سبکی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ اجلاس سے باہر نکل گیا۔
اس موقع پر اسرائیلی وفد کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے مرزوق الغانم نے کہا کہ ’پارلیمانی رہ نماؤں کا رد عمل دیکھنے کے بعد آپ ہال سے نکل جائیں۔ اگر آپ میں ذرا برابر بھی غیرت ہے تو تمہیں یہاں نہیں ہونا چاہیے‘۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اے قاتل اور غاصب اجلاس سے فوری طور پر دفع ہوجا۔ توبچوں کا قاتل ہے۔ اسرائیل جو کچھ کررہا ہے وہ ریاستی دہشت گردی ہے۔ تم پر وہ مثل صادق آتی ہے کہ‘جس میں حیا نہ رہے وہ جو چاہے کرتا پھرے‘۔
مرزوق الغانم کی گفتگو کے بعد صہیونی وفد منہ لٹکائے اجلاس سے باہر نکل گیا۔
بعد ازاں اسرائیلی وفد کے سربراہ نحمان شائی نے احتجاج کیا مگر اس کے احتجاج کو عالمی پارلیمان کی جانب سے مسترد کردیا گیا۔ اجلاس میں شریک ارکان پارلیمان نے کہا کہ صہیونی ریاست جعلی جمہوریت کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے۔ جمہوریت کی آڑ میں فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری ہیں۔ صہیونی ریاست دنیا کے 176 رکنی پارلیمان میں شرکت کرنے اور نمائندگی کا حق نہیں رکھتا۔