اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نے غزہ میں جماعت کی سیکیورٹی کے سربراہ میجر جنرل توفیق ابو نعیم پر حملے کو غزہ کی سیکیورٹی پر بزدلانہ حملہ قرار دیا۔
تنظیم کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا کہ اس قاتلانہ حملے کا مقصد فلسطینی قومی مفاہمت کے عمل کو سبوتاژ کرنا ہے۔
انہوں نے فلسطینی وزارت داخلہ سمیت تمام جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد از جلد تحقیقات مکمل کرکے مجرمان کو عدالت کے کٹھرے میں لائے تاکہ ان کو ان کے جرائم کی سزائیں دی جاسکیں۔
میجر توفیق ابو نعیم کی گاڑی میں بم نصب کرکے انہیں شہید کرنے کی کوشش کی گئی جو کہ ناکام ہوگئی۔
وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم کے مطابق ابو نعیم کو معمولی زخم آئے ہیں۔ غزہ کی سیکیورٹی فورسز واقعہ کی تحقیقات میں مصروف ہیں اور واقعہ کے ذمہ داران کو جلد از جلد کیفرکردار تک پہنچا دیا جائے گا۔