جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینی صحافیوں کی تعداد 28 ہوگئی

جمعرات 2-نومبر-2017

فلسطین میں  انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں اور کارکنان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں صحافیہ بشریٰ الطویل اور فوٹو جرنلسٹ امین صیام کی گرفتاری کے بعد جیلوں میں قید فلسطینی صحافیوں کی تعداد28 ہوگئی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کلب برائے اسیران کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے غرب اردن میں چھاپوں کے دوران آٹھ میڈیا پروڈکشن ہائوسز بند کرنے کے بعد کئی صحافیوں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

کلب برائے اسیران کے مطابق قابض فوج نے صحافیہ بشریٰ الطویل اور امین صیام کو ان کے گھروں سے حراست میں لیا۔

ان پر اسرائیل کے خلاف مواد نشر کرنے اور نفرت پھیلانے سمیت کئی دیگر الزامات عاید کیے گئے ہیں۔

کلب کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں پابند سلاسل صحافیوں میں چھ کو مختلف عرصے کی قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ ان میں محمود عیسیٰ موسیٰ 1993ء سے پابند سلاسل ہیں اور انہیں تا حیات عمر قید کی سزا کا سامنا ہے۔ 18 صحافیوں کو انتظامی حراست کی نام نہاد پالیسی کے تحت قید کیا گیا ہے۔ اسیر مریض بسام السائح آٹھ اکتوبر 2015ء سے پابند سلاسل ہیں۔

تین فلسطینی صحافیوں نضال ابو عکر، ھمام حنتش اور حسن صفدی کو بغیر فرد جرم عاید کیے پابند سلاسل کیا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمات چلانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صحافی امین صیام کے بھائی نے اس کے ٹیلیفون پر کال کی تو ایک اسرائیلی فوجی افسر نے اس کا فون اٹینڈ کیا اور کہا کہ امین کو گرفتار کرلیا گیا ہے تاہم اس کی گرفتاری کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

مختصر لنک:

کاپی