اسرائیلی حکام نے 23 روز سے بلا جواز انتظامی حراست کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال کرنے والے ایک فلسطینی نوجوان کو حالت تشویشناک ہونے کے بعد اسپتال منتقل کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی حکام نے بھوک ہڑتالی اسیر محمد حسین شوکہ کو الرملہ جیل کے زیرانتظام ’مراش‘ نامی اسپتال منتقل کیا ہے۔
اسیر شوکہ کی خاتون وکیل احلام حداد نے بتایا کہ ان کے موکل کے سینے میں شدید تکلیف ہے۔ کھانا پینا ترک کرنے کے نتیجے میں وہ غیرمعمولی طورپر کمزور ہوگیا ہے۔ گذشتہ شام اس کی حالت بگڑ گئی تھی جس کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اسیر حسین شوکہ نے 11 اکتوبر کو انتظامی حراست میں توسیع کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ شوکہ کی وکیل کا کہنا ہے کہ بھوک ہڑتال کے باعث اس کے موکل کا وزن 15 کلو گرام کم ہوچکا ہے۔