پنج شنبه 01/می/2025

’امریکا دنیا بھر میں دہشت گردی کا سب سے بڑا معاون ہے‘

جمعہ 17-نومبر-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے امریکا کی جانب سے جماعت کے معاونین کو سزا دینے سے متعلق ایک نیا قانون منظور کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ امریکا نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ وہ ظالم کا ساتھی اور مظلوموں پر ظلم ڈھانے میں ملوث ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے مرکزی رہ نما اور جماعت کے پارلیمانی لیڈر  یحییٰ العبادسہ نے ایک بیان میں حماس کے معاونین پر امریکی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں امریکا کی انتقامی سیاست قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سینٹ کی خارجہ کمیٹی کی طرف سے حماس کی معاونت کرنے والوں کو سزا دینے اور ان پر پابندیاں عاید کرنے کے لیے قانون سازی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ امریکا صہیونی لابی کے ہاتھوں میں یرغمال ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم کو امریکیوں سے کبھی کسی خیر کی توقع نہیں ہوسکی کیونکہ امریکا نے ہردور میں فلسطینی قوم کی امنگوں اور ان کے جائز مطالبات پربھی پانی پھیرا۔ فلسطینیوں کے حق خود ارادیت اور آزادی کے لیے ہونے والی ہرکوشش کو روکنے اور ناکام بنانے کی سازش کی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا دنیا بھر میں دہشت گردی کو فروغ دینے، جنگیں چھیڑنے آزاد قوموں کے خلاف سازشیں کرنے میں مصروف رہا ہے۔امریکی حمایت اور مدد سے صہیونی ریاست فلسطین میں اپنے استعماری، نسل پرستانہ اورنو آبادیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔

حماس رہ نما کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیاں جماعت کے لیے کوئی نئی بات نہیں۔ تازہ پابندیاں امریکی کی ماضی کی فلسطین دشمن پالیسی کا تسلسل ہیں۔ امریکیوں کو صرف خطے میں صہیونی ریاست کا مفاد عزیز ہے۔ امریکا کی حماس کے معاونین پر پابندیاں خطے کے لیے امریکی سازشوں کا حصہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صہیونی ریاست کی حمایت میں امریکی اقدامات اور پالیسیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ صہیونی ریاست کے فلسطینیوں کے خلاف جرائم کی پردہ پوشی کے لیے امریکا ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی سینٹ کی خارجہ کمیٹی نے ایک نیا بل منظور کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں حماس کی مالی مدد کرنے والوں کو سزا دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس نئے مسودہ قانون میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی طرف سے فلسطینی اتھارٹی کی امداد کم کی جائے کیونکہ یہ امداد فلسطینی شہداء اور اسیران کے اہل خانہ کی کفالت کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی