جمعه 15/نوامبر/2024

سعودی عرب اور جرمنی میں کشیدگی، ریاض نے اپنا سفیر واپس بلا لیا

ہفتہ 18-نومبر-2017

سعودی عرب کی حکومت اور جرمنی کے درمیان جاری کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کرگئی ہے۔ سعودی حکومت نے برلن میں متعین اپنا سفیر صلاح مشورے کے لیے واپس بلا لیا ہے۔

ادھر سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق الریاض حکومت نے جرمن وزیرخارجہ زیگمار گبریل کے ایک متنازع بیان کو بلا جواز اور شرمناک قرار دیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق جرمن وزیرخارجہ نے ایک بیان میں سعودی عرب کی خارجہ پالیسی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے لبنان کے معاملے میں سعودی طرز عمل کو منفی قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب لبنان کے مستعفی وزیراعظم کے ساتھ نا مناسب برتاؤ کر رہا ہے۔ انہیں دباؤ کے ذریعے استعفیٰ دینے پر مجبور کیا گیا۔

ایس پی اے نے وزارت خارجہ کے ایک ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مملکت جرمن وزیرخارجہ کے بیان کو اشتعال انگیز اور سعودیہ کے حوالے سے شرمناک قرار دیتا ہے۔ اس حوالے سے ریاض میں متعین جرمن کے سفیر کو ایک احتجاجی مراسلہ بھی دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز جرمن وزیرخارجہ اور ان کے لبنانی ہم منصب جبران باسیل نے برلن میں ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں جرمن وزیرخارجہ نے سعودی عرب کی خارجہ پالیسی بالخصوص لبنان کے حوالے سے طرز عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی