پنج شنبه 08/می/2025

حماس اورانٹیلی جنس چیف میں مصالحت کا عمل آگے بڑھانے پر اتفاق

اتوار 19-نومبر-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور فلسطینی اتھارٹی کے انٹیلی جنس چیف سمیت اہم عہدیداروں کا اہم اجلاس ہوا جس میں تمام فریقین نے مصالحتی عمل بڑھانے کے پر اتفاق کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی انٹیلی جنس چیف میجر جنرل ماجد فرج نے گذشتہ روز غزہ کی پٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے غزہ کی پٹی میں حماس کی مقامی قیادت سے ملاقات کی۔ حماس کے وفد کی قیادت غزہ میں جماعت کے صدر یحییٰ السنوار نے کی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ماجد فرج اور حماس کی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فلسطینی مصالحتی عمل آگے بڑھانے سے اتفاق کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران یہ طے کیا گیا ہے کہ جب تک فلسطین آزاد نہیں ہوتا فلسطینی قوم کو مزاحمت کا بھرپور حق ہے۔

ادھر حماس کے ایک ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ حماس رہ نماؤں اور ماجد فرج کے درمیان ہونے والی ملاقات کامیاب اور نتیجہ خیز رہی ہے۔ اجلاس کے دوران فلسطین کی تازہ ترین صورت حال، عرب ممالک اور علاقائی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

خیال رہے کہ ماجد فرج گذشتہ روز کرم ابو سالم گذرگاہ کے راستے غزہ داخل ہوئےتھے۔ انہوں نے غزہ کی پٹی میں حماس کے صدر یحییٰ السنوار سے کئی گھنٹے طویل ملاقات کی۔

اس موقع پر دونوں رہ نماؤں نے چار مئی 2011ء کو قاہرہ میں پائے مصالحتی معاہدے کی روشنی میں مصالحتی عمل آگے بڑھانے اور گذرگاہوں کا کنٹرول فلسطینی اتھارٹی کے حوالے کیے جانے سے اتفاق کیا۔

مختصر لنک:

کاپی