اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے باور کرایا ہے کہ فلسطینی دھڑوں میں طے پانے والا مصالحتی معاہدہ تزویراتی حکمت عملی ہے۔ مصالحت کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی کے دورے پرآئے مصری انٹیلی جنس وزیر اور دیگر مصری عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے حماس کی قیادت نے واضح کیا کہ غزہ کی پٹی میں پچھلے حکومتی دور میں بھرتی ہونے والے ملازمین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز مصری انٹیلی جنس وزیر ھمام ابو زید کی قیادت میں اعلیٰ اختیاراتی وفد نے غزہ کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیلی ھنیہ کی قیادت میں جماعت کے وفد نے مصری وفد کا استقبال کیاْ۔ اس موقع پر فلسطین میں مصری قونصل جنرل خالد سامی جب کہ حماس کی قیادت میں غزہ کی پٹی کے سیاسی شعبے کے صدر یحیٰ السنوار بھی موجود تھے۔
حماس اور مصری قیادت کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطینیوں میں مصالحت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
حماس رہ نماؤں نے فلسطینیوں میں صلح کرانے میں مصری حکومت کے قایدانہ کردار کو سراہا۔ اس موقع پر حماس کی قیادت نے مصری وفد کو قومی مصالحت کے تحت طے پائے نکات پر عمل درآمد اور پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔