مصرکی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازھر نے دفاع القدس کے لیے پرامن احتجاج کرنے والے فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جامعہ الازھر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نہتے فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے ننگی جارحیت کی مرتکب ہو رہی ہے۔ اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں قابل مذمت ہیں۔
خیال رہے کہ کل جمعہ کو فلسطین میں القدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے امریکی فیصلے کے رد عمل میں ہونے والے مظاہروں پر اسرائیلی فوج نے وحشیانہ تشدد کیا۔ پرامن اور نہتے مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کے نتیجے میں کم سے کم 4 فلسطینی شہید اور چار سو کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے دو کا تعلق غرب اردن اور دو کا غزہ کی پٹی سے ہے۔
جامعہ الازھر نے اپنے بیان میں فلسطینی قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی اور القدس کے دفاع کے لیے جاری فلسطینی تحریک انتفاضہ آزادی القدس کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فلسطینی شہریوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کا سختی سےنوٹس لیں اور صہیونی فوج کو فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے استعمال سے منع کریں۔