دُنیا بھر کے کروڑوں کمپیوٹروں پر ونڈو ’ایکس پی‘ کے اس مشہور وال پیپر کو بہت سراہا گیا تھا لیکن بہت کم لوگ واقف ہیں کہ یہ تصویر کس فوٹوگرافر نے کھینچی ہے۔
ونڈوز ایکس پی کے اس مشہور وال پیپر کا نام ’بِلس‘ رکھا گیا تھا جس کی پرسکون اور دل موہ لینے والی تصویر 21 برس قبل کھینچی گئی تھی۔ یہ تصویر فطرت کی تصاویر لینے والے مشہور فوٹوگرافر چارلس او ریئر نے لی تھی جو آج بھی خوب سے خوب تر کی تلاش میں ہیں۔ تاہم 76 سالہ چارلس کہتے ہیں، ’میری تصویر کو تاریخ میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی تصاویر میں شامل کیا جاسکتا ہے اور شہرت کا ہر لمحہ میں نے خوب محظوظ کیا ہے۔
سنہ 2001ء میں مائیکرو سافٹ کمپنی نے ایکس پی آپریشنل ونڈو سسٹم لانچ کرنے کا اعلان کیا تو کمپنی نے یہ تصویر خرید کر ونڈو کے وال پیپر میں شامل کی۔ کہا جاتا ہے کہ یہ تصویر کمپنی کے چارلس سے 1 لاکھ ڈالر میں خرید کی تھی۔
ایکس پی ونڈو کی ایک دوسری تصویر میں موسم خزاں کا منظر ہے صرف 45 ڈالر میں خرید گئی۔
اب وہ ایک جانب تو اسمارٹ فون کےلیے تصاویر کھینچ رہے ہیں تو دوسری جانب جرمنی کی لفت ہانسا ایئرلائن کے ساتھ ایک معاہدہ بھی کیا ہے۔ اس منصوبے کا نام ’نیواینجلس آف امریکا‘ رکھا گیا ہے تاکہ نئی نسل کے اسمارٹ فون کےلیے وال پیپر بنائے جاسکیں۔ چارلس کے بقول اب اسمارٹ فون فوٹوگرافی دیکھنے کا ایک اہم ذریعہ بن چکے ہیں۔
سنہ1996 میں چارلس نے یہ مشہور تصویر کیلیفورنیا کی سونوما کاؤنٹی میں لی تھی۔ پہلے یہ تصویر ایک اشتہاری کمپنی کو بھیجی گئی تھی اور اس کے بعد اسے مائیکروسافٹ نے خرید لیا تھا اور 2000 میں اس کے حقِ ملکیت لینے کے بعد اسے ونڈوز ایکس پی میں لگایا تھا۔