فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے قائم کردہ ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی’اونروا‘ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارے کو امریکا کی طرف سے امداد کی بندش سے متعلق کوئی نوٹس نہیں ملا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’اونروا‘ کے ترجمان سامیی مشعشع نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے ریلیف ایجنسی کے لیے پناہ گزینوں کی امداد سے متعلق پالیسی تبدیل کرنے یا امداد مالی امداد روکنے کا کوئی نوٹس نہیں ملا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اونروا کو ملنے والی کل امداد کا 80 فی صد 10 بڑے ڈونر ممالک دیتے ہیں۔ ہم توقع رکھتے ہیں کہ ادارے کے تمام معاون ممالک سال 2018ء کو فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے درکارضروریات کی فراہمی کے لیےامداد جاری رکھیں گے۔
مشعشع نے کہا کہ ’اونروا‘ نے فلسطینی پناہ گزینوں کی تعلیم، سماجی بہبود اور صحت کے منصوبوں اور دیگر سروسز کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس ادارے کی اہمیت کونظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ یہ ادارہ مشرق وسطیٰ میں فلسطینی پناہ گزینوں کے استحکام کا ایک اہم ذریعہ ہے۔